متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے بلدیہ ٹاؤن مشرف کالونی بلاک ای میں قائم فیضان اسمٰعیل مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد علاقے کے معززین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر علاقائی ذمہ داران اور مسجد کمیٹی کے ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے ، ملاقات کے دوران معززین نے علاقے کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے علاقے کو نہ تو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے اور نہ ہی سیوریج کا نظام درست ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 15 سالوں سے برسراقتدار ہے جس نے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، عوام بنیادی مسائل کا شکار اور سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ عوامی خدمت پر یقین رکھا ہے اور کوشش کی ہے کہ عوام میں سے ہی نمائندے ایوان میں بھیجیں جو ان کے مسائل کو نہ صرف سمجھتے ہوں بلکہ حل کرنے کی خواہش بھی رکھتے ہوں، اب یہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ آنے والے الیکشن میں نمائندوں کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ نمائندے آپ کے درمیان کے ہوں۔
مصطفیٰ کمال نے علاقہ مکینوں کے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں نوجوانوں کے اندراج کو یقینی بنائیں اور ووٹر لسٹوں کی درستگی کے عمل کا حصہ بنیں تاکہ ووٹر لسٹیں درست ہوں اور انتخابات کے دوران مشکلات کم سے کم ہوں۔