متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس بہادرآباد مرکز پر منعقد ہوا۔
اجلاس میں عام انتخابات کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور ووٹر لسٹوں کی خرابیوں کی نشاندہی اور درستگی کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک سندھ کی بدحالی پیپلز پارٹی کی گزشتہ 15 سال کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پیپلز پارٹی شہری سندھ کے عوام کی نسل کشی کر رہی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ نام نہاد مئیر کراچی، دو سال اسی شہر کے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے، ان کی گزشتہ کارکردگی کی وجہ سے کراچی والوں کو ان سے بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔
اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر بروز جمعہ ہونے والے ملک گیر احتجاج کی کال پر اظہار یکجہتی کیا گیا۔