رہزنوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ لاقانونیت کو ظاہر کرتی ہے، آفاق احمد

مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفا ق احمد نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی، اوور بلنگ اور رہزنوں کو دی جانے والی کھلی چھوٹ لاقانونیت کو ظاہر کرتی ہے۔

 لانڈھی زون کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت کراچی کے مقامی افراد کو غیر مسلح کرکے غیر مقامی مسلح افراد کو شہر پر مسلط کردیا گیا ہے، اب چاہے پولیس کا محکمہ ہو یا اسٹریٹ کریمنلز کا نیٹ ورک،  ہر جگہ لاقانونیت کا بازار گرم  ہے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ  اب حکومت اور عسکری اداروں پر تکیہ کرنے کے بجائے عوام اپنے بچوں کی حفاظت کیلیے خود اقدامات کو یقینی بنائیں۔  مہاجر قوم اپنے صفوں اتحاداور یگانیت اور ووٹ کی طاقت سے اس کو ناکام بنائے اور اس کا مقابلہ کرے۔

آفاق احمد نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں جو لوگ بل بھر سکتے ہیں تو اچھی بات ہے لیکن اگر کوئی بل نہ بھر سکتا ہے تو وہ خودکشی کرنے یا کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کے بجائے پہلے اپنے بچوں کا پیٹ بھرے، بجلی کا بل بچوں کی خوراک سے اہم نہیں۔

 انہوں نے کہا کہ  اہل محلہ کی  ذمے داری ہے کہ کسی ایسے گھر کی بجلی اس وجہ سے منقطع نہ ہونے دیں کہ اس نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا، عوام اپنے محلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرکے دکھائیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ جو جماعت یا لوگ تین دہائیوں سے مہاجر قوم کے ووٹ کے ذریعے اقتدار کے ایوانوں کا مزہ لوٹتے رہے اور مہاجر قوم کی پیٹ میں چھرا گھونپا  ایسے افراد کا واحد احتساب آپ کا ووٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف ووٹ ہی بہترین انتقام ہوگا،  انتخابات آج ہوں یا کل آپ کا ووٹ آپ کی شناخت کیلیے ہوناچاہیے کیونکہ آپ کی شناخت ہی آپ کی کامیابی کی دلیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: