کراچی: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت عام انتخابات کے متعلق سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں ملک بھرمیں عام انتخابات کے انعقاد کی تیاری حلقہ بندیوں انتخابی فہرستوں اورسندھ حکومت کی انتظامی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ، ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر )اکرام اللہ خان، سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان،چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم اور آئی جی سندھ رفعت مختار، سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن ٰ،میمن، چیئرمین پلاننگ بورڈ، سیکریٹری خزانہ،آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انتخابات کے غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد کے لیئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں، انتخابات کے عمل میں کوتاہی کرنے والے اہلکاروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سکندر سلطان نے کہا کہ انتخابات کا آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ انعقاد ہی بہتر جمہوریت کا ضامن ثابت ہوگا۔
سکندر سلطان راجہ نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن ہر طرح سے عبوری صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرے گا اورانتخابات میں سیاسی اعتبار سے سرکاری ملازمین کا جانبدارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر اس طرح کی کوئی شکایات ملی تو متعلقہ سرکاری افسران وملازمین کے خلاف فوری ایکشن لیا جائیگا۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مختصر جائزہ پیش کیا، جس میں انتخابی فہرستوں کی اپڈیٹس اور ووٹررجسٹریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اب تک کئے گئے انتظامات پرشرکائ کو آگاہ کیا اور مزید اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے اسپیشل انتخابی پلان مرتب کرنے کے احکامات دیے، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کو صاف، شفاف، منصفانہ بنانے کے لیئے آرمی اور رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی، چیف سیکریٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کے تمام احکامات پرعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ سندھ میں 2 کروڑ 67 لاکھ 83 ہزار 254 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سندھ میں قومی اسمبلی کے 61 اور صوبائی اسمبلی کے 130 نشستوں پر انتخابات ہونگے، صوبے میں 19 ہزار 236 پولنگ اسٹیشنز بنائی جائیں گی۔ صوبے میں 4 ہزار 430 انتہائی حساس اور 8 ہزار 80 حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
