چوہدری نثار میں ہمت نہیں تھی وہ بے اختیار وزیر داخلہ تھے، رانا ثناء

لاہور: صوبائی وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثار بے اختیار وزیرداخلہ تھے انہوں نے معاملات پر آواز اٹھانے کے بجائے خاموشی اختیار کی جس کی وجہ سے مسلم لیگ ن آج مسائل میں گھری ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہر رینجرز کی جانب سے وفاقی وزیرداخلہ کو روکے جانے پر احسن اقبال اور مسلم لیگ ن نے شدید احتجاج کیا اور رینجرز کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی وزیرداخلہ کی تذلیل کی گئی مگر انہوں نے خاموشی اختیار کر رکھی تھی جو اس بات کی عکاسی ہے کہ وہ بے اختیار وزیرداخلہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سب کو معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں سویلین بالادستی نہیں بلکہ کچھ عناصر طاقت کے بل بوتے پر ملک چلا رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن گزشتہ 4 برس سے ایسی صورتحال سے دوچار ہے مگر ہم نے کبھی بھی اداروں سے تصادم کی پالیسی نہیں اپنائی، گمشدہ بلاگرز کے معاملے پر جب چوہدری نثار کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہوا تو انہوں نے خاموشی اختیار کرنے کو بہتر جانا۔

وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ چوہدری نثار میں تو احتجاج کرنے کی ہمت نہیں تھی اور نہ ہی کسی ادارے کی تضحیک مسلم لیگ ن کی خواہش ہے تاہم کل کا واقعہ کیمرے اور میڈیا نمائندگان کی وجہ سے نظر میں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: