شہر قائد کے علاقے غریب آباد انڈر پاس میں ایم کیو ایم شعبہ خواتین کمیٹی کی مرکزی ممبر و اسکول پرنسپل سے ہینڈ بیگ چھیننے کی واردات میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جو سگے بھائی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شریف آباد پولیس نے سی پی ایل سی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی تکنیکی معاونت اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے چھینا جھپٹی کی واردات میں ملوث 2 ملزمان عدنان اور ارسلان ولد عرفان کو گرفتار کرلیا جو کہ سگے بھائی اور نشے کے عادی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے رواں ماہ 15 دسمبر کو غریب آباد انڈر پاس میں اسکول پرنسپل رخشندہ جو کہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں اس دوران ملزمان نے ان سے چلتی ہوئی موٹر سائیکل سے ہینڈ بیگ چھینا جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر گئیں اور انھیں سر پر شدید گہری اندرونی چوٹیں آئیں تھیں اور انھیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئیں تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسکول پرنسپل سے چھینا ہوا موبائل فون اور واردات میں استعمال کی جانے والی مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ہے جس کی چوری کا مقدمہ حیدری تھانے میں درج ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کے وقت گرفتار ملزم عدنان موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ اس کا بھائی ارسلان موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھا تھا اور اس نے ہی اسکول پرنسپل رخشندہ سے ہینڈ بیگ چھینا تھا جس کے باعث وہ چلتی ہوئی موٹر سائیکل سے گر گئی تھیں ، پولیس گرفتار ملزمان سگے بھائیوں کا کرمنل ریکارڈ چیک کرتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
