لاہور(ویب ڈیسک): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) بہادرآباد گروپ نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحادی بن کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے قائد شہبازشریف نے آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم سے اتحاد کرنے کا ٹاسک میئر لاہور کو سونپا جنہوں نے میئر کراچی وسیم اختر کو لاہور دورے کی دعوت دی۔
ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق میئر کراچی گذشتہ روز لاہور پہنچے ہیں جن سے مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملاقاتیں کیں اور اتحاد کی پیش کش کی۔
شہباز شریف نے آئندہ انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو کراچی سمیت دیگر اہم علاقوں میں مضبوط کرنے کے خواہش مند ہیں اس ضمن میں انہوں نے باقاعدہ کاوشیں بھی شروع کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: اے این پی اور مسلم لیگ ن کی کراچی پر نظریں جم گئیں، بڑا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب کا حالیہ دورہ کراچی میں اسی سلسلے کی کڑی تھا، جس میں انہوں نے شیرازی برادران سے خصوصی ملاقات کی اس کے علاوہ انہوں نے سندھ کے دیگر بااثر افراد کو اتحاد کی دعوت بھی دی تھی جس کے تحت عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پی ایم ایل این سے اتحاد کا اعلان کیا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی نے لاہور دورے کے موقع پر ملنے والی سیاسی اتحاد کی پیش کش پر رابطہ کمیٹی (بہادر آباد) سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے تاہم اُن کی دلچسپی نے یہ بات ظاہر کردی کہ ایم کیو ایم اس پیش کش سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
