کراچی: مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی نے آئندہ انتخابات میں سیاسی اتحاد بنانے اور شہر قائد سے مل کر الیکشن لڑنے پر اتفاق کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کے درمیان گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں شہر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اے این پی کے وفد سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی سطح پر آئندہ عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات سے قبل حکمت عملی مرتب کی جائے گی جس کے تحت کراچی کی مختلف نشتوں پر مشترکہ امیدوار لانے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
اس موقع پر اے این پی سندھ کے صدر شاہد سید کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے ماضی میں بہت سی مشکلات کا سامنا کیا جس کا ازالہ کرنے کے لیے شہر کو بڑا ریلیف دینا وقت کی ضرورت ہے۔
بشکریہ اے آر وائی
