لاہور/ اسلام آباد : پی آئی اے 400 ارب کے خسارے میں ہے، طیارے زمین پر ہیں لیکن عملہ ہواﺅں میں اڑ رہا ہے اور اس کے پاﺅں زمین پر نہیں ٹک رہے۔ پیپلز یونٹی نے سی بی اے الیکشن جیتا تو بھارتی گانوں پرمخلوط رقص کرکے ایسا جشن منایا کہ اخلاقیات کو طاقِ نسیاں کردیا۔
پی آئی اے ریفرنڈم میں ن لیگ کی حمایت یافتہ سی بی اے یونین ایئر لیگ کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کام دکھا گیا اور پی آئی اے ریفرنڈم میں بھی سینیٹ الیکشن جیسی صورت حال دیکھنے میں آئی۔پیپلز یونٹی 4 ہزار 28 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائی جبکہ سویپ ایئر لیگ نے صرف ایک ہزار 797ووٹ حاصل کیے، الیکشن میں مجموعی طور پر 6 ہزار ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اپوزیشن جماعتوں کی حمایت یافتہ یونین انصاف فرنٹ، پیاسی یونائٹڈ ورکرز فرنٹ اور سکائی ویز نے پیپلز یونٹی کا ریفرنڈم میں بھرپور ساتھ دیا علاوہ ازیں پی آئی اے میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں گرینڈ الائنس نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
پیپلز یونٹی کے الیکشن جیتنے پر اسلام آباد اور لاہور میں فاتح پینل کی جانب سے بھرپور جشن منایا گیا ۔ اسلام آباد میں جشن کے دوران ایک ایئر ہوسٹس اور فلائٹ سٹیورڈ مل کر بھارتی گانے ” لیلیٰ “ پر رقص کرتے رہے، اس دوران خاتون ایئر ہوسٹس نے ایسے ٹھمکے لگائے کہ اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا۔دوسری جانب لاہور میں بھی پیپلز یونٹی کی فتح پر بھرپور جشن منایا گیا اور جیالے اور جیالیاں مخلوط محفل میں پنجابی گانوں پر رقص کرتے رہے۔