اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے خواجہ آصف کی نا اہلی کے فیصلے پر کڑی تنقید کردی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ”جس کا ووٹ کے میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے اس کو فکسڈ میچ میں نا اہل کرا دو مگر یاد رکھو! عوام اب خواجہ آصف کے سائے کو بھی ووٹ دےگی انشاءاللہ “۔
خیال رہے کہ خواجہ آصف کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور وہ ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اس کے فنڈز میں خورد برد کے الزامات بھی لگاتے رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خواجہ آصف کی نا اہلی کے درخواست گزار نے کہا ہے کہ آج خواجہ آصف کی گردن سے شریف فیملی کی اتفاق فاﺅنڈری کا سریا نکال دیا۔
سپریم کورٹ کے باہروزیر خارجہ خواجہ آصف کی نا اہلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ آج 32سال کے بعد خواجہ آصف کو نا اہل کروا کے پاکستانی قوم اور خصوصی طور پر سیالکوٹ کی عوام کے سامنے سر خرو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 32 سال بعد آج سیالکوٹ کی عوام کو گارڈ فادر سے نجات دلا دی، جنہوں نے سوشل میڈیا پر میرا ساتھ دیا او مدد فراہم کی اُن لوگوں کا بے حد شکریہ، آج کی کامیابی کا سارا سہرا انکے لیڈر عمران خان کو جا تا ہے، اگر وہ ساتھ نہ دیتے تو میں یہ کام سر انجام نہ کر سکتا۔
خواجہ آصف کو مشورہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اب سیاسی میدان سے فارغ ہونے کے بعد خواجہ آصف شوکت خانم اسپتال کے باہر پھلوں کا ٹھیلا لگا لیں تاکہ حق حلال کی کمائی اور مریضوں کی دعائیں بھی حاصل کریں۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
