کراچی: شہرِ قائد میں سورج کا پارہ آج بھی چڑھا ہوا ہے اور دھوپ کی تپش کے ساتھ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن 12 بجے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 9 فیصد ہے جب کہ مغربی علاقوں سے ہوائیں 10 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ (25 مئی) سے کراچی میں گرمی کم ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بھی کراچی میں سورج نے آگ برسائی اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کل ملک کا گرم ترین شہر چھور رہا، جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
