کینیڈا : مسجد پرحملہ، فائرنگ سے 5 نمازی شہید

کیوبیک سٹی میں نماز عشاء کی ادائیگی کے دوران شدت پسندوں نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو شہید کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے شہر کیوبیک سٹی کی جامعہ مسجد میں نماز عشا ادا کی جا رہی تھی کہ مسلح افراد نے مسجد کے مرکزی ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نماز عشاء کے وقت مسجد میں 40 کے قریب افراد موجود تھے کہ 3 مسلح افراد نے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد پر حملے کے بعد سرچ آپریشن میں 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تارکین وطن پر پابندی کے جواب میں کہا تھا کہ وہ اپنے ملک میں مسلم تارکین وطن کو خوش آمدید کہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں:

اپنا تبصرہ بھیجیں