کراچی: شہر قائد کے علاقے فرئیر سے سابق وزیر کی ڈھائی سالہ پوتی کےاغوا میں ملوث خاتون اوراس کے 2ساتھیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کہ ملزمان نے بچی کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئےاغوا کیا،خبر اور سی سی ٹی وی ویڈیو چلنے پر ملزمان بچی کو خود لائے اور دعویٰ کیا کہ بچی ملی تھی، تفتیش پر اغوا کا اعتراف کرلیا۔
پولیس کے مطابق سابق وزیر اعجاز جاکھرانی کی کم سن پوتی کو دو روز قبل کراچی میں فریئر تھانے کی حدود میں واقع گھرکے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔
پولیس کو اطلاع دی گئی تاہم کچھ ہی دیربعد بچی کے ملنے پر اہل خانہ نے معاملہ ختم کردیا، تاہم آج عمارت میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو سے پولیس نے ملزمان کا پتا لگا لیا۔
ویڈیو میں ایک خاتون کو بچی کو لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا کار خاتون اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتارکرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے حورین کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کیا اور میڈیا پر خبر چلنے کے بعد خوفزدہ ہوکراسے واپس چھوڑگئے تھے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔