ترکی انتخابات، طیب اردوان کو 15 سال بعد دارالحکومت میں شکست، عمران خان کی مبارک باد

استنبول: ترکی کے بلدیاتی انتخابات میں 15 سال بعد حکمراں جماعت کو سورج غروب ہوگیا، رجب طیب اردگان کی جماعت کو انقرہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ اور استنبول میں بلدیاتی انتخابات کے دوران حکمراں جماعت کو شکست کا سامنا رہا، 15 سال حکمرانی کرنے والے صدر طیب اردوان کی جماعت کو انقرہ میں شکست تو ہوئی مگر انہیں مجموعی طور پر ملک بھر سے واضح برتری ملی، اپوزیشن جماعت سی ایچ پی کے منصور یواس 50 فیصد ووٹ حاصل کر کے میئر منتخب ہو گئے۔

انقرہ میں ترک حکمراں جماعت کے امیدوار مہمت اوزاسکی صرف 47 فیصد ووٹ ہی حاصل کر سکے۔

انتخابی نتائج کے مطابق حکمراں جماعت کے امیدوار سابق وزیر اعظم بن علی یلدرم 41 لاکھ 11 ہزار 219 ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جب کہ اپوزیشن جماعت کے ایکرم امام اگلو 41 لاکھ 6 ہزار 776 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ملک بھر کے نتائج کے مطابق صدر طیب اردوان کی جماعت اے کے پی کو کُل 52 فیصد ووٹ ملے ہیں جب کہ اپوزیشن الائنس نے 38 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

دوسری جانب عمران خان نے ترک صدر کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔