کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی سے اغوا ہونے والے دو کمسن بھائی ایک روز بعد مل گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے باغِ کورنگی کے رہائشی دو کمسن بھائیوں کو اُس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ دوپہر کے وقت ٹیوشن سے واپس گھر آرہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق تینوں بھائی ایک ساتھ ٹیوشن سے واپس آرہے تھے کہ اسی دوران چار موٹر سائیکل سواروں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی جس میں سے ایک وہاں سے بھاگ نکلا۔
تیسرے بھائی نے گھر جاکر تمام معاملہ بیان کیا جس کے بعد اہل خانہ نے گزشتہ روز ہی عوامی کالونی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کروایا۔ بچوں کی عدم بازیابی کے خلاف آج شام اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے کورنگی سے شاہ فیصل آنے والے پُل پر احتجاج کیا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرائے چوبیس گھنٹے سے زائد کا وقت ہوچکا مگر پولیس نے ابھی تک مقدمے کی تفتیش شروع نہیں کی اور نہ ہی بچے بازیاب ہوئے۔ اب سے کچھ دیر قبل اغوا ہونے والے دونوں بھائی مل گئے جس کی اہل خانہ نے بھی تصدیق کردی۔
اہل خانہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ دونوں بچوں کو رینجرز اہلکار اپنے ہمراہ لے کر آئے انہوں ہی بازیاب کروایا، اس سے زیادہ اہل خانہ کی جانب سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
