شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر کے نزدیک واقع صائمہ اسکوائر کے رہائشیوں کو فیصل کنٹومنٹ بورڈ کی جانب سے 6 لاکھ روپے فی گھر چالان کردیا گیا۔ جرمانے کی اتنی بڑی رقم دیکھ کر شہریوں نے سر پکڑ لیے۔
شہری نے اپنی شناخت کو ظاہر نہ کرتے ہوئے چالان کی کاپی فیس بک کے گروپ حالات اپ ڈیٹ پر شیئر کی اور جاننا چاہا کہ اتنی بڑی رقم کا چالان جعلی ہے یا اصلی اور کس مد میں انہیں اتنا بڑا جرمانہ کیا گیا۔
سعد اللہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ صائمہ اسکوائر کے رہائشیوں کو 6 لاکھ روپے کا چالان ریسیو ہوا۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ چالان کس جرم کی پاداشت میں کیا گیا البتہ دیکھنے میں یہ جعلی معلوم ہورہا ہے۔
چالان پیپر پر کنٹومنٹ بورڈ کی کوئی اسٹیمپ نہیں اور معائنے کے دوران جس شخص نے گھر کے سربراہ سے گفتگو کی اُس نے نام اور فلیٹ نمبر پوچھ کر پرچہ بنایا حتی کہ اُس کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں تھا۔
چالان میں یہ بھی پیش کش کی گئی کہ جن لوگوں پر جرمانہ عائد کیا گیا انہیں سالانہ 90 ہزار روپے ہر صورت ادا کرنا ہوں گے۔
جرمانے کے پرچے میں لکھی گئی انگریزی بھی غلط ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دو نمبر چالان ہے۔
صائمہ اسکوائر کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا کہ فیصل کنٹومنٹ بورڈ اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے اور جو لوگ اُن کے نام پر فلیٹ کے رہائشیوں کو بلیک میل کررہے ہیں اُن کے خلاف اقدامات کرے۔

