تحریک انصاف میں غیرمنتخب طاقت ور لوگ، فواد چوہدری نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کے خلاف نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔

سما نیوز کو دیے جانے والے انٹرویو میں فواد چوہدری نے بتایا کہ اُن کے ہاتھ سے وزارتِ اطلاعات صرف اس لیے گئی کہ غیر منتخب لوگ مداخلت کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یوسف بیگ، طاہر خان کھل کر میرے خلاف تھے۔

فواد چوہدری نے پینڈورا باکس کھولتے ہوئے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں اس وقت منتخب اور غیر منتخب افراد کے درمیان سرد جنگ چل رہی ہے، غیرمنتخب لوگوں کی مداخلت اچھا اقدام نہیں کیونکہ فیصلےمنتخب افرادکوہی کرنےچاہئیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر وزارتِ اطلاعات سے مضبوط ادارہ ہے مگر عالمی دنیا میں اسے سامنے نہیں لایا جاسکتا اور نہ ہی فوج میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ ملک کو چلا سکے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے خلاف طاقت کا استعمال غلط اقدام ثابت ہوسکتاہے انہیں سیاسی محاذ پر شکست دے کر ہی معاملے کو حل کیا جاسکتا ہے۔