کے یوجے دستور کے نومنتخب عہدیدار اپنے اثاثے صحافی برادری کے سامنے ظاہر کریں ،نیوز ایکشن کمیٹی
صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دیانتدار قیادت کا ہونا انتہائی ضروری ہے،دیگر صحافتی تنظیموں کے رہنما بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کریں ۔ترجمان
صحافیوں کا اپنے رہنماؤں پر اعتماد اسی صورت میں بحال ہوگا جب انہیں اس بات کا کامل یقین ہو کہ صحافی رہنماؤں کا طرز زندگی ان کی ذرائع آمدن سے مطابقت رکھتا ہے،اعلامیہ
کراچی (نمائندہ خصوصی) نیوز ایکشن کمیٹی نے کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے نومنتخب عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اثاثے صحافی برادری کے سامنے ظاہر کرکے ایک نئی روایت کی بنیاد ڈالیں ۔جمعہ کو جاری بیان میں ترجمان نیوز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے دیانتدار قیادت کا ہونا انتہائی ضروری ہے، گزشتہ کئی سالوں سے صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں پر مختلف طرح الزامات لگتے رہے ہیں ۔اس لیے اب ضروری ہوگیا ہے کہ صحافتی تنظیموں کے رہنما بھی اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ کے یوجے (دستور) کے نومنتخب عہدیدار کے اس سلسلے میں نئی روایت کی داغ بیل ڈالتے ہوئے اپنے اثاثے صحافی برادری کے سامنے ظاہر کریں۔
ترجمان نیوز ایکشن کمیٹی نے کہا کہ کے یو جے دستور کے علاوہ دیگر تمام صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اثاثے صحافی برادری کے سامنے ظاہر کریں ۔انہوںنے کہا کہ صحافیوں کا اپنے رہنماؤں پر اعتماد اسی صورت میں بحال ہوگا جب انہیں اس بات کا کامل یقین ہو کہ صحافی رہنماؤں کا طرز زندگی ان کی ذرائع آمدن سے مطابقت رکھتا ہے۔
