راولپنڈی: پاک فوج نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران افغان سرزمین سے متعدد شدت پسندوں نے فوجی جوانوں پر حملہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شدت پسندوں کی فائرنگ سے 3 فوجی جوان شہید ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 7 کے قریب مسلح افراد کو ہلاک کیا گیا، شہید ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک اور صوبےدار شامل تھے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے 60 سے 70 شدت پسندوں نے فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں لانس نائیک علی، لانس نایئک نذیر اور سپاہی عماد اللہ شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی آمدورفت کو روکنے کے لیے باڑ لگانے کا کام کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے گا‘۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان حکام اور سیکورٹی فورسز کو سرحد کو محفوظ بنانے کے عمل میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا چاہیے جبکہ دفتر خارجہ نے افغان ناظم الامور کو بھی طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
