اورنگی ٹاؤن میں احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ اور شیلنگ، 6 افراد زخمی

 کراچی: اورنگی ٹاؤن کے مکینوں نے علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ اور شیلنگ سے 6 افراد زخمی جب کہ 6 مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے اسلام چوک پر علاقہ مکینوں کی جانب سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کیا گیا جب کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے6  مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا، زخمی افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ اور شیلنگ مظاہرین کی جانب سے پولیس وین پر پتھراؤ کے بعد کی گئی جب کہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے خلاف احتجاج جاری تھا کہ اس دوران پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ شروع کردی۔

اسلام چوک کے علاقے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بکتر بند کے ساتھ گلیوں میں داخل ہوچکی ہے اور اب تک 10 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں:

اپنا تبصرہ بھیجیں