کراچی: پاکستان رینجرز(سندھ) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفائر بریگیڈ ناظم آباد اور نئی کراچی کے سیکٹر 11F کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے 2 انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد خالد عرف مودی اور معراج الدین عرف ماجوکے ناموں سے ہوئی، جن کا تعلق ایم کیو ایم(لندن) سے ہے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، کھالیں چھیننے، زبردستی فطرہ جمع کرنے، فائر نگ، شٹر ڈان ہڑتالیں کروانے اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہیں۔
رینجرز کی جانب سے ملزمان کے جرائم کی فہرست بھی جاری کی گئی
الف۔ ملزم محمد خالد عرف مودی
ترجمان رینجرز کے مطابق مودی نے 1990 میں ایم کیو ایم (الطاف) گروپ میں شمولیت اختیار کی اور نارتھ کراچی کے یونٹ A137کا ممبر رہا بعد ازاں اُسے پارٹی کی جانب سے سیکٹر ممبر بنایا گیا۔
مودی پر الزام ہے کہ ملزم سر سید تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عرفان حیدر اور نیو کراچی تھانے کے سینئر انویسٹی گیشن آفیسرشہباز علی کے قتل میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں 2008 میں ملزم نے شاہ نواز بھٹو کالونی نارتھ کراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان پانی کی پائپ لائن پر جھگڑا بھی کیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں پارٹیوں کے دو دو ممبران مارے گئے تھے جبکہ فائرنگ سے رینجرز کے بھی دو جوان زخمی ہوئے تھے۔
محمد خالد پر الزام ہے کہ 1990 سے 2013 تک ملزم پارٹی کے لیے بھتہ وصولی،فطرانہ اور زکوٰۃ وصولی، ہوائی فائرنگ، ہڑتالوں کے دوران جبری دکانیں بند کروانے، کھالیں چھیننے، وال چاکنگ اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث رہا جبکہ وہ ایک ایف آئی آر میں بھی نامزد ہے۔
معراج الدین عرف ماجو
ترجمان رینجرز کے مطابق 2011 ء میں ملزم نے ایم کیو ایم (الطاف) میں شمولیت اختیار کی اور یونٹ نمبر33F ایوب گوٹھ گڈاپ ٹاؤن کا ممبر رہا۔ بعدازاں ملزم یونٹ نمبر142 سیکٹر 11F نیو کراچی کا ممبر بن گیا۔ ملزم معراج الدین عرف ماجو عبداللہ عرف ڈاکٹر(پی ایم ایل۔ف)اور اختر گبول کے قتل جبکہ زاہد احمد، عبدالستار، عبدالجبار اور علی مراد خشک کو زخمی کیا۔
رینجرز کا دعویٰ ہے کہ ملزم احسن آباد گڈاپ ٹاؤن میں 30 پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ میں ملوث رہا جبکہ اُس نے 2011 سے 2013 تک پارٹی کے لیے بھتہ وصولی،فطرانہ اور زکوٰۃ وصولی، ہوائی فائرنگ، ہڑتالوں کے دوران جبری دکانیں بند کروانے، کھالیں چھیننے، وال چاکنگ اور روڈ بلاک بھی بلاک کیے۔
معراج عرف ماجو چار ایف آئی آر میں نامزد ہے، دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ رینجرز نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔