لندن: قومی ٹیم کے ہیڈ کوش مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈ میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کُن ضرور رہا مگر ہم بہترین کھیل پیش کر کے ایونٹ میں واپس آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2019 کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد کوچ نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنی خامیاں بیان کردیں۔
انہوں نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’کھلاڑیوں نے عالمی کپ کے لیے کی جانے والی تیاریوں کے برعکس میدان میں کھیل پیش کیا جو انتہائی مایوس کُن رہا، بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں ہی فارمیٹ میں کھلاڑی ناکام رہے البتہ اس مایوس کُن آغاز کے بعد بھی ہم واپس آئیں گے۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہم ایونٹ میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں، شائقین کو اگلے میچ میں فرق دیکھنے کو ملے گا اور ہم کوشش کریں گے کہ خامیوں پر قابو پالیں۔
’’مجھے اور شائقین کو پاکستان کی بیٹنگ دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوئی کیونکہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا، ہمیں پہلے سے توقع تھی کہ وکٹ تیز ہوگی اور شارٹ پچ گیندیں کرائی جائیں گی مگر صورتحال اس کے برعکس ہوئی‘‘۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو فاسٹ باؤلنگ کے خلاف کوئی مسائل نہیں بلکہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے، گزشتہ سیریز میں ہمارے بلے بازوں نے فاسٹ باؤلرز کے خلاف رنز اسکور کیے اور اگر اب ٹیمیں ہمیں شارٹ پچ باؤلنگ کرنا چاہیں گی تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا‘۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو عالمی کپ کے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، قومی ٹیم 21.4 اوورز میں صرف 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے جواب میں کالی آندھی نے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ یہ پاکستان کی ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں لگاتار 11ویں شکست تھی۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جہاں ایونٹ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز مہمان ٹیم کو 0-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
