سب خودکشیاں‌ کررہے ہیں، ہم زندہ بچ گئے تو خوش خبری دیں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور عوام خودکشیاں کررہے ہیں مگر حکومت عوام کو صبر کی تلقین کررہی ہے، اگر زندہ بچ گئے تو ہم خوش خبری دیں گے۔

پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال صدر انیس قائمخانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔

مصطفیٰ کمال کا دعوتِ افطار میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک چلانے والوں کو سوچنا چاہیے ملک کی آمدنی ایک روپیہ نہیں ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں موجود حکومت کی جانب سے کہا جاتا ہے صبر کریں جلد خوشخبری آئے گی، زندہ بچ گئے تو ہم خوشخبری سنائیں گے یہاں غریب کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں خودکشی کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نام نہاد مہاجر لیڈروں کو کام کا کہو تو کہتے ہیں اختیار نہیں ہے، کچرا اٹھنے کی بات پر اختیار کا رونا روتے ہیں اور اپنے کمیشن کے کام چل رہے ہیں، مسائل جب حل ہونگے جب میئر کرپشن کے بجائے کام کرے، کردار اچھا کرے حکمرانوں سے آنکھیں ملا کر بات کریں، یہ کراچی ٹھیک کرنا چھ ماہ کا کام ہے اسکے لئے بہت کچھ نہیں کرنا صرف اپنا کردار ٹھیک کرنا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے ہمارا ساتھ دیں اکیس جولائی کو باغ جناح میں پی ایس پی کا جلسہ ہے، تمام لوگ اس میں ضرور شرکت کریں مسائل کے حل کیلئے ہماری آواز سے اپنی آواز ملائیں