لندن میں گرفتاری کے بعد الطاف حسین سے تفتیش کے لیے ایف آئی اے ٹیم تشکیل

بانی ایم کیوایم کی لندن میں گرفتاری، ایف آئی اے نے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے معاونت اور تفتیش کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر انسداد دہشت گردی ونگ کریں گے، یہی ٹیم الطاف حسین سے منی لانڈرنگ، نفرت انگیز تقاریر کے حوالے سے پوچھ گچھ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈیارڈکی جانب سےگرین سگنل ملتےہی ٹیم لندن روانہ ہوگی، ایف آئی اےنےبرطانوی وکیل ٹوبےکی خدمات بھی حاصل کرلیں، عدالت میں بانی ایم کیوایم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی جائے گی۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری کے بعد سے تفتیشی حکام مسلسل پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ اپنی رپورٹ مکمل کر کے اسے جلد حکومت کو ارسال کریں گے۔

بانی ایم کیو ایم کی پاکستان حوالگی کا کوئی امکان نہیں، نفرت انگیز تقریر سے متعلق جو بھی تفتیش ہوگی وہ لندن میں ہی ہوگی اور اگر فرد جرم عائد کی گئی تب بھی سزا یا معافی کا اختیار برطانوی حکومت کو ہوگا۔