راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے آزاد کشمیر پر کسی بھی مہم جوئی کی سازش کی تو پھرپور جواب دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مبینہ دہشتگردوں کے کیمپ کی موجودگی کا الزام فالس فلیگ آپریشن اور مہم جوئی کا بہانہ ہے، اگر اس کی کوشش کی گئی تو یہ خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہوگا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی قیمت پر کسی جارحیت اور مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ بالاکوٹ میں تربیتی کیمپ موجود ہیں اور 500 لوگ کشمیر میں داخل ہونے کے تیار ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’’بھارتی ملٹری کمانڈرز کے خصوصی طور پر آزاد جموں کشمیر کے بارے میں بیانا ت مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کو ہینڈل کرنے میں ناکامی کی عکاس ہے ، بھارت کمانڈرزمقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور محاصرے سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مبینہ کیمپ کی موجودگی کے الزامات فالس فلیگ آپریشن کا پلان ہے ، کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر سے خطے کے امن کو شدید نقصان ہو گا ،پاک فوج کسی بھی قسم کے مس ایڈونچر اور جارحیت کا بھر طریقے سے جواب دینے کیلئے مکمل طور تیار ہے چاہے اس کی قیمت جو بھی ہو ۔
