اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے عوام کے لیے حج اخراجات میں کمی کا اعلان کردیا۔
سال 2023ء میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد حج کرسکے گی کیوں کہ سعودی حکام نے پاکستان کو مکمل حج کوٹہ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے، جس کے نتیجے میں اس بار 1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی شہری فریضہ جج کے لیے جاسکیں گے۔
حج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حج 10 لاکھ روپے سے کم کرکے ساڑھے 6 لاکھ روپے کا کردیا ہے، کم تجربے کے باوجود گزشتہ سال عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کیں تاہم اس سال مزید بہتر انتظامات کریں گے
۔ معلوم ہوا ہے کہ مفت حج سروس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد وزیراعظم، وزراء اور سرکاری افسران مفت حج نہیں کر سکیں گے، اس ضمن میں پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ ہر سال 650 افراد کومفت حج کرایا جارہا ہے۔
خدام اورمعاونین کی مد میں کیسے اتنے لوگوں کو بھجوایا جاسکتا ہے؟ یہ معاملہ ہم ایسے نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم وزراء یا کوئی سیاسی شخصیت مفت حج نہیں کر سکتی، سرکاری افسران، خدام، معاونین کے لیے مفت حج کی سہولت ختم کی جائے، کون کون مفت حج پر جاتا ہے؟ تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں۔
