Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
بلوچستان : کیپٹن اور 5 جوان شہید ، ایک دہشت گرد ہلاک | زرائع نیوز

بلوچستان : کیپٹن اور 5 جوان شہید ، ایک دہشت گرد ہلاک

ژوب،کوئٹہ، راولپنڈی، اسلام آباد : بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور بارودی سرنگ کے دھماکہ کے نتیجہ میں کیپٹن سمیت 6فوجی شہیداور2زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کاہان کے علاقہ میں مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران لیڈنگ پارٹی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی اوردھماکہ کے نتیجہ میںکیپٹن سمیت 5اہلکار شہید ہوگئے ۔

شہدامیں کیپٹن فہد،لانس نائیک امتیاز،سپاہی مہران،سپاہی شمعون،سپاہی اصغر شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز وطن کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں سپاہی حق نوازشہیداور2 فوجی جوان زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ژوب کے علاقہ سمبازامیں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے۔

علاقہ کی مسلسل نگرانی کے بعد آپریشن کے نتیجہ میں ایک دہشتگرد گروہ کی نشاندہی ہوئی۔ یہ آپریشن گزشتہ 96 گھنٹوں سے جاری تھا۔علاقہ کی ناکہ بندی پرجب فرار کے تمام راستے بند ہوئے تو دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سپاہی حق نواز شہید جبکہ 2 فوجی جوان زخمی ہوگئے۔ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کی جانب سے بعض مشتبہ راستوں کے استعمال کو روکنا ہے۔ دہشتگرد سرحد پار سے بذریعہ پاک افغان سرحد خیبرپختونخوا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشتگرد ان راستوں سے داخل ہو کر شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

سرحد پار سے دہشتگردوں کو انکے سہولت کاروں نے فائرنگ کرکے مدد فراہم کی جبکہ بقیہ دہشتگرد عناصر کے مکمل صفائے کیلئے علاقہ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں ۔قوم اپنے شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے شہداکے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ،شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔