کراچی : بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر نے محکمہ انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی کو حکومت سندھ کی جانب سے بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کے لئے نظر ثانی شدہ پالیسی / گائیڈ لائنز کو اختیارکرنے اور بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کی فیس 30ہزار روپے وصول کرنے سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پالیسی کے مطابق تین ماہ کی مدت کے لئے بلڈنگ میٹریل فیس 30ہزار روپے وصول کرنےسےمتعلق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی قراردادنمبر 106، بتاریخ 7 دسمبر2022 ء کی منظوری دیدی ۔
سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے سیکشن 6 شیڈول V پارٹ1(10) کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کی مد میں فیس کی وصولی کااختیار 2015 ء تک بلدیہ عظمیٰ کراچی کوحاصل تھاجبکہ 2015ء میں چندسال کے لئے مذکورہ فیس کی وصولی کااختیار بلدیہ عظمیٰ کراچی سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو منتقل کردیا گیاتھااور مذکورہ فیس کی وصولی سے متعلق مدات بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میزانیہ میں شامل نہیں کی گئیں۔
کومت کی جانب سے نوٹیفکیشن 3 جون2015 ء کے ذریعےموبائل ٹیلی فون نیٹ ورکس کے لئے بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کے لئے نظر ثانی شدہ پالیسی / گائیڈ لائن مرتب کی گئی اور حکومت کی جانب سے 2021ء میں بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کی فیس کی وصولی کااختیار ایک بار پھر بلدیہ عظمیٰ کراچی کو منتقل کردیاگیا جس کے مطابق میزانیہ برائےسال 2022-23ء میں بی ٹی ایس ٹاورکی تنصیب کے حوالے سے ریکوری کے اختیار کا ہدف انفورسمنٹ / اینٹی انکروچمنٹ کی ذمہ داریوں میں شامل کردیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے بی ٹی ایس ٹاور کی تنصیب کی فیس 30ہزار روپے مقرر ہے، جسے وصول کرنے کی بلدیہ عظمیٰ کراچی مجاز ہے، اس قرارداد پرفوری و ضروری کارروائی کے لئے محکمہ انسداد تجاوزات بلدیہ عظمیٰ کراچی اورمتعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
