ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی طحہ سلیم نے علم دوستوں کے لیے لائبریری کا اففتاح کردیا، جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گی۔
انہوں نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14میں واقع تعلیمی باغ میں گلِ داؤدی کی پانچ روزہ نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی زاہد حسین رند،ڈائریکٹر ایڈمن عاصم عباسی،ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر طحہٰ سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پھولوں کی نمائش ضلع وسطی کی عوام کے لئے نئے سال کا تحفہ ہے، ضلع وسطی کے عوام کو بہتر شہری اور معاشرتی ماحول اور سہولیات مہیاکرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ وسطی نے مختلف پروگرامز ترتیب دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل ِ داؤدی کی نمائش عوام کو بہتر تفریح اور ماحول مہیا کرنے کے جذبہ کے تحت منعقد کی گئی ہے جبکہ دیگر پروگرامز بھی عوام کی تفریح ِ طبع کے لئے تیار کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ 100پارک پروجیکٹ کے تحت چالیس پارکس تیاری کے بعد عوام کے لئے کھول دئے گئے ہیں۔مذکورہ منصوبوں میں سے ساٹھ فیصد پایہٗ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی چالیس فیصد بتدریج تکمیل کے مراحل طے کررہے ہیں۔
علم دوستوں کیلیے لائبریری کا تحفہ
طحہٰ سلیم نے کہا کہ مطالعے کے شوقین افراد کے لئے لائبریریوں کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جارہا ہے جبکہ ضلع وسطی کے طلبا و طالبات کی بہتر تعلیم کے لئے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے این جی اوز کے تعاون سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
بعد ازاں طہٰ سلیم نے ڈاریکٹر لائبریری سلیم صدیقی کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا بلاک 14/میں واقع نصیر آباد پبلک لائبریر ی کا افتتاح کیا، یہ لائبریری ضلع وسطی میں چوبیس گھنٹے فعال دوسری لائبریری ہے۔
واضح رہے کہ بلدیہ وسطی کے زیرِ اہتمام سال بھر میں چار پھولوں کی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتاہے۔ گلِ داؤدی کی نمائش پاکستان میں اسلام آباد اور لاہور کے بعد ضلع وسطی کراچی میں منعقد کی جاتی ہے۔ موجودہ نمائش میں بلدیہ وسطی کے محکمہٗ باغات کی نرسریوں میں تیارکردہ گلِ داؤدی کی مختلف اقسام کے پچاس ہزار سے زائد پودے عوام کے ملاحظے کے لئے رکھے گئے ہیں۔ امید کی جاتی ہے ضلع وسطی کے ہزاروں افراد اہلِ خانہ کے ہمراہ روزآنہ پھولوں کی نمائش دیکھنے آئیں گے۔
