عالمی سطح پر لابنگ ، امریکی سینیٹر نے بانی ایم کیو ایم کو اپنی خدمات پیش کردیں

لندن: امریکا کے متنازع سینیٹر ڈانا روہرا باچیر نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے ملاقات کی اور امریکی دارالحکومت میں لابنگ کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔

انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق امریکا کے سابق سینیٹر نے الطاف حسین سے لندن سیکریٹریٹ میں ملاقات کی، اس دوران رابطہ کمیٹی کا کوئی بھی رکن موجود نہیں تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں ہونے والی ملاقات میں دیگر ذمہ داران کے بیٹھنے کی اطلاعات ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور امریکی سینیٹر نے ایم کیو ایم لندن کے مسائل واشنگٹن ڈی سی میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے بالکل مفت اپنی خدمات پیش کیں۔

کانگریس کے سابق رکن نے بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 3 جنوری 2020 تک کسی کے لیے بھی عالمی سطح پر لابنگ کے پابند ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’میں صرف مٹینگز کو فائنل اور عالمی سطح سمیت امریکی تھنک ٹینکس کے نزدیک آواز کو کس بہتر انداز سے اجاگر کرنے کے مشورے دے سکتا ہوں، مجھے اُن تمام لوگوں سے دلی ہمدردی ہے جو کرپشن کے خلاف ہیں۔

ایم کیو ایم لندن کے ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ سینیٹر ڈانا روبرا نے لابنگ کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ ایم کیو ایم کا مقدمہ امریکی پالیسی سازوں کے سامنے پیش کریں گے تاکہ پاکستان میں مسائل کو حل کیا جاسکے۔