کراچی : نیوزی لینڈکے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل سیریز کے میچز بالترتیب 9 ،11 اور13 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی( نیشنل بنک کرکٹ ایرینا ) میں کھیلے جائیں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعرات کو عبوری سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہدآفریدی نے کمیٹی کے رکن ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لئے قومی سکواڈ کے ناموں کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ اسکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث رئوف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان کو انجری کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔پچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا معیار بڑھانا ہے تو ہمیں بائونسی پچز تیار کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹرل پنجاب کے بیٹر طیب طاہر اور سپنر اسامہ میر کو پہلی مرتبہ قومی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ شان مسعود اور حارث سہیل کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
