کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک گر چکے ہیں اور ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا ہے۔س
ماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی، 2000 کے بعد سب سے کم درآمدی کور ہے، درآمدی حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے ذخائر کی موجودہ خطرناک حد تک کم سطح ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت ختم کرنے کے بعد سے آج تک ذخائر 16.4 بلین ڈالر سے کم ہو کر صرف 4.5 ڈالر رہ گئے ہیں، یہاں کالی ویگو ڈالے سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنے کیلئے بندے اٹھا رہے ہیں، ملک چلانے والوں کا کوئی حال نہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 8 سال 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئے۔
ذخائر 25 روز کی درآمدات کی ضرورت پوری کرنے کی سطح پر آگئے ہیں۔این بی ڈی اور دبئی اسلامک بینک کو مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی ہیں، امارات این بی ڈی کو 60 کروڑ ڈالر اور ڈی آئی بی کو 42 کروڑ ڈالر کی ادائیگیاں کی گئیں جس کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 4.5 ارب ڈالر کی سطح پر آگئے جو کہ سرکاری ذخائر کی 8 سال 9 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
