کراچی: بوٹ بیسن پولیس نے بیچ ویو پارک ڈیفنس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا،ملزمان نے 17 جنوری کو کلفٹن پاک ٹاورمیں نیوی اہلکارکو دوران ڈکیتی قتل کردیا تھا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتارملزمان کی شناخت 22 سالہ محمد وقاص ولد بخت نواز اور20 سالہ بلال خان ولد وحید خان کے نام سے کی گئی، ملزمان سے دو پستول مع ایمونیشن،موبائل فونز،نقدی اورموٹرسائیکل برآمد ہوئی،بوٹ بیسن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نیوی اہلکار کے قتل میں ملوث ہیں۔
17 جنوری کو کلفٹن پاک ٹاورہیلی پیڈ کے قریب موجود نیوی اہلکارمحمد شان ولد محمد اسلم اپنے کزن کاشف نوازکے ہمراہ موبائل فون سے تصویرکھینچ رہا تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے محمد شان سے اسکا موبائل فون چھینا اورمزاحمت پر نائن ایم ایم پستول سے دو گولیاں مارکرفرارہوگئے تھے،دوران تفتیش وقاص نے بتایا کہ نیوی اہلکارمحمد شان کو اس نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔پولیس کے مطابق گرفتارڈاکوؤں کے قبضے سے واقعے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل،نیوی اہلکارسے چھینا ہوا موبائل فون اورنائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا۔
گرفتارڈاکو خیبرپختونخوا کے رہائشی ہیں اوراس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں جیل جاچکے ہیں،گرفتارڈاکو وقاص 9 جنوری کو ہی ضمانت پرجیل سے رہا ہوا تھا۔
