کراچی: وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن پابند ہےکہ انتخابات کرائے اور شکایتوں پر فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن جماعت اسلامی کے دباو میں نہ آئے، جن یوسیز کے نتائج غیر قانونی طور پر روکے گئے ہیں، انہیں فوری جاری کیا جائے، ہماری ریڈ لائن پاکستان اور اداروں کی سالمیت ہے، عمران خان ان کا دشمن ہے، سانحہ کیماڑی میں ملوث فیکٹریاں غیر قانونی ہیں، جو سیل کی جارہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگ بھی جن جن یوسیز میں انہیں خدشہ ہےکہ انہیں سے ہرایا گیا ہے۔ اس پر درخواست جمع کروائیں گے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کرے، 235 نشستوں کے انتخابات پر مخصوص نشستوں کا اعلان کیا جائے۔
