لیاری گینگ وار کا کارندہ بلڈر سے بھتہ لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

کراچی : رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران جمشید کوارٹرز سے بھتہ خور حسان رضا کو گرفتار کرلیا جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے بلڈر سے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں، گرفتار بھتہ خور نے رواں ماہ 3 مئی کو بلڈر فرخ کو مختلف نمبروں سے کال کر کے ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا نہ دینے پر جان سے مارنے اور بچوں کو اغوا کرنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔

رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے ملزم کو بھتہ وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی انس آفتاب موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق واقعہ کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانے میں درج ہے جبکہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: