عمران خان مسلح افواج سے لوگوں کو بدظن کر کے پاکستان کی جڑیں‌ کاٹ رہے ہیں، سردار الیاس

آزاد کشمیر کے سابق اور نااہل کیے جانے والے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما پرائم ایجنسی کے سینئر افسران سے بدظن کررہے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں تنویر الیاس نے کہا کہ آئی ایس پی آر کے آج جاری کردہ بیان کو دیکھنے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ افواج کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، گزشتہ ایک سال سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما ہماری پرائم ایجنسی کے خلاف اور بالخصوص سینئر افسران، ایک بڑے سینئر افسر اور ادارے کے خلاف لوگوں کے دل و دماغ میں بدظنی پیدا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے رہنما مسلح افواج اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر قوم اپنی مسلح افواج پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور دونوں کے درمیان اعتماد کا ایسا رشتہ ہے کہ مسلح افواج ملک و قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتی ہے۔

سردار الیاس نے کہا کہ مسلح افواج ہمارے ملک اور قوم کی حفاظت کی ضامن ہے، یہی وجہ ہے کہ قوم کو ان پر ناز اور فخر ہے، عمران خان صاحب ایسی بدظنی پیدا کر کے پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ وقت ہے ایسے عناصر اور عوامل کی سرکوبی کی جائے اور اس کی شدید مذمت کی جائے، اسے روکا جائے، تمام محب وطن لوگوں کو آگے آکر ایسے اقدامات کو روکنا ہوگا جن کی وجہ سے پاکستان اور مسلح افواج و عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کو بھی روکنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: