لاہور،اسلام آبا: تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ اور نااہل امپورٹڈ حکومت نے معیشت تباہ کردی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام، تنخواہ دار طبقہ کوکچل دیا گیا۔
پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ پر سخت ردعمل دیتے ہوئےگزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت کی مکمل بدانتظامی کے بعد ملک میں ابھی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے، اسکے علاوہ 200 ارب روپے کے منی بجٹ سے 35 فیصد کی شرح سے غیرمعمولی مہنگائی ہوگی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹویٹ میں کہا کہ ملک پہلے ہی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے اور اب عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں مزید بوجھ تلے آگئے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بارپھر35روپے اضافہ انکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام کب تک انکی نا اہلی کی قیمت ادا کرینگے؟ کیا ارباب اختیار مزید تباہی کا انتظار کرینگے؟۔
پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے پٹرولیم قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ تحریک انصاف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔
تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس نے اپنے جاری کردہ ردعمل میں کہا کہ اکنامک ہٹ مین کا عوام کا ایک اور معاشی قتل۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے کا اضافہ کر کے غریبوں پر مہنگائی کا بم گرا دیا، یاد رہے اسحاق ڈار وہی شخص تھا جس نے کہا تھا جب جہاز میں ہونگا توسب کچھ نیچے آجائیگا اوربقول انکے ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ پٹرولیم قیمتوں میں بڑا اضافہ عوام کیساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہےاور دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہے۔
حماد اظہر نے کہاکہ پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کر دیا جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم پو چکی ہے۔ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیا اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی۔
