امریکی رکن کانگریس سے عمران کے مشیر کی اہم ملاقات

واشنگٹن،اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی امور عاطف خان نے امریکی رکن کانگریس ایڈم شیف سے اہم ملاقات کی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود کی کیلیفورنیا میں رہائش گاہ پر ہوئی جس میں بعض دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر ایڈم شیف نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ دیکھیں گے کہ امریکہ اس صورتحال میں پاکستان کی کس طرح مدد کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بہت اہم ملک ہے جو انتہائی چیلنجنگ خطے میں واقع ہے، یہ ایک ایسا ایٹمی ملک بھی ہے جو جمہوریت کیلئے فرنٹ لائن پر ہے۔ پاکستان میں پچھلے ایک برس میں جو ہوا اس پر شدید تشویش اور پریشانی ہے۔

انہوں نے پنجاب کی صورتحال، الیکشن کی ٹائمنگ اور سپریم کورٹ سے متعلق امور کا ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ انسانی حقوق کی صورتحال پر ٹھوس وکالت کرے۔ عاطف خان نےکانگریس مین ایڈم شیف سے ایک روز قبل ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو کاحوالہ دیتے ہوئے نے کہا کہ آپ نے عمران خان کے امریکہ مخالف ہونے سے متعلق جو پوچھاتھا ،اس پر یہ واضح کرتے ہیں کہ عمران امریکہ مخالف نہیں، پچھلے دو تین برسوں میں عمران کو امریکہ مخالف پاکستانی لیڈر کے طورپر پیش کیا گیا۔

عمران حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور سائفر کے مواد کا تعلق امریکی اہلکار سے جوڑا گیا تھا جسے بغیر تحقیقات کئے درست مان لیا گیا، وقت گزرنے پر تحقیقات سے جوبات سامنے آئی وہ یہ تھی کہ عمران حکومت کیخلاف سازش پاکستان ہی میں تیار کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: