کراچی : پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سندھ اسمبلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور سویڈن اور نیدرلینڈ(ہالینڈ)میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔
پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان و دیگرکی طرف سے جمع کردہ قرارداد کے متن میں اراکین اسمبلی کا کہناہے کہ سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن مجید کی بےحرمتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، حکومت پاکستان سنگین معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند کرے،اس دل خراش واقعے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے، ملک میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں 35 روپے اضافے کی مذمت اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفی مطالبہ کرتے ہیں،مہنگائی کا بوجھ عوام پر مزید بڑھے گا ۔
سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر خرم شیرزمان نے کہا کہ دنیا میں جب ہولوکاسٹ(یہودیوں کے مبینہ قتل عام)پر بات آتی ہے تو احتجاج کئے جاتے ہیں،مگر مسلمانوں کے دین کے معاملے پر صرف چند الفاظ کا بیان دےدیا جاتا ہے،پاکستان کی حکومت سویڈن اور نیدرلینڈ کے سفارتکاروں سے قرآن مجید کی بے حرمتی کے معاملے پر رجوع کرے اور اس کے پیچھے چھپے عناصر کے خلاف سخت کاروائی یقینی بنائیں،حیران ہوں بلاول زرداری کی جانب سےاس واقعے پر اب تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا،عمران خان کی حکومت میں اسلاموفوبیا کیخلاف موثر آواز اٹھائی گئی،15 مارچ کا دن اسلاموفوبیا کیخلاف اقوام متحدہ میں قرارداد سے عالمی دن مقرر کروایا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی و نائب صدر سندھ راجہ اظہر نے سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن مجید کی بےحرمتی پر صدر مملکت کو خط ارسال کیا ہے، راجا اظہرکا اپنے خط میں کہناہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی حرمت پر حکومت پاکستان کا کوئی خاص ردعمل سامنے نہیں آیا ،حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے، معاملے پر او آئی سی سمیت مسلمان ریاستوں نے عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ نہیں کیا۔ آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے۔
