کراچی: آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے ترجمان محمد اسماعیل لالپوریہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکسر فی لیٹر 35 روپے اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ موجودہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل اور ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے ،ملک کو سیاسی اور معاشی طور پر خودمختار بنانے کی دعویدار موجودہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی روپے کی قدر، سونے کی قیمتوں سے عام آدمی اتنا متاثر نہیں جتنا وہ آٹے ، دال، تیل اور دیگر روزمرہ اشیاء کی دگنی قیمتوں کے اضافے سے ہے،اس ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دینے والے حکمرانوں سے چھٹکارا لازمی ہوگیا ہے۔
