کراچی : وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی۔رواں مالی سال کے چھ ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری اور روپے کی قدر میں کمی سامنے آنے کے ساتھ ساتھ سٹیٹ بینک ذخائر 15 ارب ڈالر سے کم ہوکر 3 ارب 8 کروڑ ڈالر تک رہ گئے۔
رپورٹ کے مطابق مالی ذخائر میں کمی سمیت پی ایس ڈی پی اخراجات میں بھی کمی ہوئی،چھ ماہ میں ترسیلات زر 11.1 فیصد کم ہوئیں،برآمدات میں 6.8 فیصد کمی ہوئی،درآمدات میں18.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 59.7 فیصد کمی جبکہ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی 180.6 فیصد کمی ہوئی ۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر محصولات میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا،نان ٹیکس آمدن میں58.4 فیصد اضافہ ہوا،مالیاتی خسارے میں 218 ار ب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،بنیادی خسارہ 511 ارب روپے رہا،مہنگائی کی شرح چھ ماہ میں 25 فیصد تک رہی،لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں چھ ماہ میں 3.6 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ۔
