کراچی: وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے عمران خان کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران نیازی سمجھتا ہے کہ انسانی حقوق ، عزت و احترام صرف ان کا اور ان کے حواریوں کا حق ہے جبکہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں اختیارات کا غلط استعمال کرکے مخالفین پر جھوٹے کیسز بنا کر ان کی عزت پر وار کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا دور ناحق گرفتاریوں وانسانی حقوق کی پامالی کا سیاہ دور تھا ۔ جہاں طاقت کے نشے میں اختیارات کا غلط استعمال کیاگیا،جب سابق صدر آصف زرداری صاحب کو گرفتار کیا گیا تو اُس وقت ان کی بیٹی آصفہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن بیگ کو عمران کے سیاہ دور میں نہ صرف ان کے گھر سےگرفتار کیاگیا بلکہ ان کے بچوں کےسامنے ان پر تشدد بھی کروایا گیا جسے کوئی فراموش نہیں کرسکتا ۔
ان کا کہناتھاکہ عمران نیازی جب اقتدار میں تھے تو ان کا اور ان کے وزراء کا لہجہ مخالفیں کے لیے ہتک آمیز تھا ۔ ناصر شاہ نے کہا کہ عمران جیل بھرو تحریک ضرور شروع کریں لیکن خود سندھ میں گرفتاری دیں کیونکہ سندھ کے جیلوں کوہم نے اصلاح گھر قرار دیاہے جہاں ہم عمران اور شیخ رشید کی اصلاح کر کے انہیں واپس بھیج دیں گے ۔
ناصر شاہ نے مزید کہا کہ عمران کے لو گ جو دیواریں پھلانگ کر بھاگتے ہیں اور ٹی وی پر آ کر روتے ہیں، قوم بھی دیکھے کہ یہ کس طرح جیل بھرو تحریک کا حصہ بنتے ہیں جو پہلے سے ہی خوف میں مبتلا ہیں۔
