Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
کراچی /کوہاٹ: چند گھنٹوں میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق | زرائع نیوز

کراچی /کوہاٹ: چند گھنٹوں میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے دھورا جی میں نیوٹاؤن تھانے کی موبائل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اہلکار شدید زخمی ہوئے جن میں سے دو اسپتال پہنچنے کے بعد جانبر نہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں داؤد موڑ کے قریب ناکے پر کھڑی موبائل پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں  تین اہلکار زخمی ہوئے جن کی شناخت شہنشاہ، افتخار اور راجہ یونس کے ناموں سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے جبکہ تینوں زخمی پولیس اہلکاروں کو  نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نمائندہ اے آر وائی نذیر شاہ کے مطابق نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر متعدد فائر کیے اور تینوں اہلکاروں کے سروں پر گولیاں ماریں، پولیس موبائل معمول کے مطابق گشت پر تھی۔ اسپتال پہنچنے والے تین میں سے دو اہلکار دوران علاج دم توڑ گئے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دہشت گردوں نےموبائل پر2ہتھیاروں سےفائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور کے 20 سے زائد خول قبضے میں لیے گئے ہیں۔

بعدازاں آئی جی سندھ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ فیصل عبداللہ سے رپورٹ طلب کی اور اہلکاروں کو بہترین سہولیات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کوہاٹ :خیبر پختون خوا کے شہر کوہاٹ میں پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کوہاٹ کے علاقے لاچی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے موبائل پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے نتیجے میں ایس ایچ او خان اللہ وزیر،ایڈیشنل ایس ایچ اوطاہر خان،حوالدار تنویر، ڈرائیور اور گن مین جاں بحق ہوگئے۔

اطلاعات ہیں کہ یہ پولیس پارٹی کچھ ملزمان کو پکڑنے کے لیے گیے تھے وہاں ملزمان نے ان پر حملہ کردیا اور فائرنگ کردی نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اطلاعات ہیں کہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ابھی بھی جاری ہے۔

بشکریہ اے آر وائی