کراچی،سکھر،جیکب آباد،قمبر(اسٹاف رپورٹر،نامہ نگاران)سندھ کے 15 اضلاع کے بلدیاتی انتخابات میں مختلف وجوہات کی وجہ سے روکی گئی پولنگ اتوار کو مکمل کرلی گئی۔ ْصبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ 15 اضلاع میں 90 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالے گئے۔
سندھ کے 15 اضلاع 59 نشستوں پر دوبارہ بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی نتائج میں چیئرمین وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور جنرل ممبر کی 24 نشستوں پر پیپلز پارٹی اور 3 پر آزاد امیدواروں نے فتح حاصل کرلی، 32 سیٹوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، سکھر، خیر پور،بینظیر آباد(نواب شاہ)،سانگھڑ،میرپورخاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، حیدر آباد، جامشورو اور بدین میں مختلف کونسلز کی کیٹیگریز چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، جنرل ممبرز کی نشستوں پر دوبارہ پولنگ ہوئی۔
سکھر کی یوسی 25 کے پولنگ اسٹیشن اللہ جڑیو میں ری پولنگ ووٹرز کی عدم دلچسپی کے سبب ٹرن آوٹ انتہائی کم رہا ، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی کے امیدوار برائے چیئرمین محمد اعظم 1640 ووٹ سے کامیاب ہوگئے، ڈسٹرکٹ ممبر کی نشست پر پی پی کے جیون خان 1683 ووٹ لیکر کامیاب،جنرل ممبر کی نشست پر پی پی کے عبدالوہاب 76 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔
جیکب آباد کی بلدیاتی نشستوں پر دوبارہ پولنگ میں عوامی اتحاد نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو شکست دے دی ۔ یونین کونسل کوٹ جنگو کے دو پولنگ اسٹیشنون پر دوبارہ پولنگ میں ضلع ممبر کی نشست پر عوامی اتحاد کے فاروق کھوسو نے2165ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ انکے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوارعلی احمد کھوسو صرف531ووٹ لے سکے۔
عوامی اتحاد کے امیدوار برائے چیئرمین ظفر کھوسو اور وائس چیئر مین مطلوب کھوسو نے 2200ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ پیپلزپارٹی کے چیئر مین کے امیدوار طاہر کھوسو اور وائیس چیئر میں میر علی بگٹی صرف 455ووٹ لے سکے ۔عوامی اتحاد پینل کے امیدواروں کے حامیوں نے خوشی میں رقص کیا ۔
ضلع قمبر کی 8 نشستوں پر 21 امیدوار مد مقابل تھے۔ پیپلز پارٹی امیدواروں نے میدان مارلیا۔ یونین کونسل بگودڑو کی 6 نشستوں، تحصیل قمبر میں ایم سی وارڈ 12 اور ٹائون کمیٹی وگن کے وارڈ 3 کی ایک ایک نشست پر مقابلہ ہوا۔
لاڑکانہ ضلع کی تحصیل ڈوکری میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کی ری پول کے دوران لاڑکانہ پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے،ایس ایس پی لاڑکانہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور سیکیورٹی امور پر پولیس افسران سے تبادلہ خیال کیا۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے QRF کے دستے بھی تیار رکھے گئے تھے۔
