کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چاند رات کو گورنر ہاؤس کراچی کے دروازے کراچی کی تمام خواتین اوربچیوں کےلئے کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے اورکہاہے کہ اس موقع پر خواتین اور بچیوں کو مفت مہندی لگائی جائی گی اور چوڑیاں پہنائی جائیں گی، اس کے علاوہ گورنر سندھ نے خواتین کو عید کے سوٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
گوررنرسندھ کامران خان ٹیسوری ایک بار پھر عوا م کے درمیان پہنچ گئے۔ رمضان المبارک کی ساتویں سحری گورنرسندھ نے بوٹ بیسن کلفٹن کی فوڈ اسٹریٹ پر کی۔
وہاں موجود عوام نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیااور ان کے ساتھ تصاویر اور سلفیاں بنوائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام میں جانے کا مقصد ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے،کوئی کچھ بھی کہے ،عوام سے رابطہ نہیں توڑوں گا، ان کے مسائل سے متعلقہ اداروں کا آگاہ کرتا رہوں گا۔درایں اثناسندھ گورنر ہاﺅس میں ساتویں دن بھی افطار و ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔
گورنر کامران خان ٹیسوری نے شرکاء کا استقبال کیا۔افطار و ڈنر میں عام افراد کے ساتھ ساتھ مختلف جامعات ، دینی مدارس کے طالب علموں اور سماجی اداروں میں مقیم بچوں نے شرکت کی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا مشکور ہوں ، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد میرے لئے اعزاز کی بات ہے، خواص کے لئے مخصوص گورنر ہائوس کو عوام کے لئے کھولنے پر مسرت ہے۔
