لاہور، اسلام آباد:ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش برس پڑی ، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، تیز آندھی سے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
لاہوراورملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھاربارش برس پڑی۔ لاہور شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیا۔
لیسکو کے پینتالیس سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں میں گزشتہ روز تیز آندھی کے بعد بادل جم کر برسے ، جس سے ملتان ، ہارون آباد، وہاڑی ، بوریوالا ، منچن آباد، خانیوال اور شجاع آباد سمیت مختلف شہر وں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
بارش اور تیز آندھی کے باعث آم کی فصل شدید متاثر ہوئی ہے، تیز آندھی سے آم کے چھوٹے پودے جڑ سے اکھڑ گئے ہیں، بارش پانی کھیتوں میں جمع ہونے سے گندم کی کٹائی اور گہائی کا عمل بھی متاثر ہو ا ، بارش کے باعث میپکو کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہو گئی۔ شیر شاہ انٹرچینج شجاع آباد روڈ پر بھانے کی چھت گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب گئے۔
ڈیرہ غازیخان کے نواحی علاقہ مموری میں گھر کا چھپر گرگیا۔ جس کے ملبہ کی زد میں آ کر 50سالہ بزرگ خاتون امیر مائی جاں بحق ہوگئی۔ خیبرپختونخواکے کئی علاقوں میں بھی وقف وقفے سے بادل برستے رہے۔
دیرلوئر اور مہمند میں شدید بارش ،ژالہ باری اور طغیانی نے تباہی مچا دی۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوامیں بارشوں،طغیانی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے،لکی مروت میں 3جبکہ شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
دیرلوئر کے علاقے پیٹو درہ یار خان بانڈہ میں شدید بارش ژالہ اور طغیانی کے باعث کئی گھر، دکانیں، واٹر سپلائی سکیمیں ،گندم کی فصلیں ، باغات اور سڑکیں مکمل طور تباہ ہو گئیں ،اکثر رابطہ سڑکیں شدید طغیانی میں بہہ گئی ہیں جسکی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی آمد رفت کا سلسلہ منقطع ہوگیا ۔ سینکڑوں مال مویشی ، تیار فصلیں اور گھروں کو نقصان پہنچا
لاہور راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈی جی خان میں تیز بارش اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔
