پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ فوزیہ وہاب کا بیٹا میئر بننے جارہا ہے سب کو اس چیز کی تکلیف ہے، ہم مرتضیٰ وہاب کو اوون کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں فریال تالپور نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کو گھمایا گیا بار بار تاریخیں تبدیل کی گئیں، ہمارے کونسلر اور نمائندوں کو بار بار عدالت میں بلایا گیا، پھر ہماری ہی وجہ سے الیکشن کا انعقاد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فوزیہ وہاب پی پی ورکر کا بیٹا میئر بننے جا رہا تھا اسی چیز کی تکلیف تھی، ہم مرتضی وہاب اور کراچی کو اوون کرتے ہیں، یہ ہمارا شہر ہے اور ہم یہاں پلے پڑے، جوان ہوئے ہیں۔
ادی فریال تالپور نے کہا کہ میں کراچی میں رہتی ہوں میرے والد نے اس شہر میں کاروبار کیا، میرپورخاص ، نوابشاہ میئر اردو بولنے والے ہیں ہم اس لسانیت پر یقین نہیں رکھتے، ہمارے بڑوں نے انڈیا سے آنے والوں کو دلوں میں جگہ دی۔
انہوں نے کہا کہ رکاوٹیں چھوڑیں ، کراچی کی تعمیر اور ترقی میں پی پی کا ساتھ دیں، کام ملکر ہوگا لڑائی اور جگھڑے سے کام نہیں ہوتے ، ہم سب کو شہر کی بہتری اور تعمیر کیلیے متحد ہوکر ساتھ چلنا ہے۔
