کراچی: پاک سرزمین پارٹی کےچیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم نے بمشکل مہاجر نام کو ختم کیا ایک بار پھر مہاجر کا نعرہ لگا کر سیاست اور لوگوں کو پھر لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ خطاب دو روز قبل لیاقت آباد میں پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں مہاجر مہاجر کروں تو مہاجرو مجھ سے بڑا تمہارا کوئی دشمن نہیں، میرے مہاجر مہاجر کرنے سے میرے ساتھ دیگر زبانوں کےزبانوں کے لوگ تو چلے جائیں گے لیکن نفرت لے کر جائیں گے۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ میں تمہارے دشمنوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا، آج 35 سال کے بعد بھی وہی نعرہ لگا کر یہ تم کو پھر لڑانا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری وجہ سے اگر ایک شخص کی جان بچ جائے تو یہ الیکشن میں 100 سیٹیں جیتنے سے بہتر ہے،ہم نے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں قلم دینا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ لیاقت آباد کا ایک پُل 11 ماہ میں بنا تھا ہم نے اپنے دور میں 8 ماہ میں 6 انڈر پاس اور تین اوور ہیڈ برج بنائے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک سرزمین پارٹی آج سندھ کے 90 فیصد علاقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، آج ہم کامیاب ہوچکے ہیں آج اس شہر کے بچے مارے نہیں جارہے۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
