کراچی: عزیز آباد سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254 سے تحریک انصاف کا کامیاب ہونے والا امیدوار محمد اسلم اسمگلنگ کیس کا اشتہاری ملزم نکلا۔
نجی نیوز چینل کے مطابق کراچی کے علاقے عزیزآباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254 سے کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار محمد اسلم مبینہ طور پر اشتہاری نکلے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254 سے اسلم خان کے مدمقابل ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار شیخ صلاح الدین عدالتی فیصلہ لے کر ریٹرننگ آفس پہنچ گئے ہیں۔
شیخ صلاح الدین نے ریٹرنگ افسر کو کسٹم کورٹ کا فیصلہ پیش کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ اسلم خان اسمگنگ کے کیس میں مفرور تھا، 29 اکتوبر1997 کو کسٹم کورٹ نے اسلم خان کو اشتہاری قرار دیا تھا، اسلم خان نے انتخابی دستاویزات میں حقائق چھپائے اس لئے وہ صادق و امین نہیں رہے لہذا الیکشن کمیشن اسلم خان کو نااہل قرار دے۔
شیخ صلاح الدین نے مقامی عدالت کی جانب سے اسلم خان کو اشتہاری قراردیئے جانے والا حکم نامہ بھی پیش کیا۔
