دوسروں کے لئے راستے کھولیں کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ پرفیسر نسرین اسلم شاہ
تعلیم کی بدولت ملک کو بھیک دینے والا ملک بنانا ہے۔پروفیسر محمد اجمل خان
کراچی(اسٹاف رپورٹ) کراچی یونیورسٹی میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنس آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے آرٹس اینڈ سوشل سائنس آڈیٹوریم میں ایک روزہ “صحت مند نوجوان مضبوط معاشرہ” کے نام سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
جس کے مہمان خصوصی کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد تھے اور صدارات کے فرائض وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر محمد اجمل خان نے ادا کئے۔
شعبہ آرٹس کی سربراہ پرفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے نوجوان بچوں کو اچھی تربیت دے کر معاشرے کا بہتر سے بہتر انسان بنانا چاہتی ہوں اور ہمیں چاہیے کہ ہم دوسروں کے لئے بھی راستے کھولیں کیونکہ جو دوسروں کے لئے راستے کھولتا ہے اللہ پاک اس کے لئے راستے کھولتے ہیں بحیثیت استاد ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بتائیں کہ ان کے لئے کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ کراچی یونیورسٹی کے بچے معاشرے میں اچھے کام کر کے اپنا مقام حاصل کریں اور جب یہ بچے کسی اچھے مقام پر پہنچیں گے تو ملک وقوم کا نام روشن ہوگا جس کی سب سے زیادہ خوشی مجھے ہوگی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا کہ آج کے سیمینار کا عنوان بہت اچھا ہے کیونکہ جب تک ہم صحت مند نہ ہوں اور ہماری طبعیت ٹھیک نہ ہو تو ہم بھی اچھا نہیں کھیل سکتے اس لئے ہماری یوتھ کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، میں امید کرتا ہوں کہ ہماری نوجوان نسل آگے چل کر زندگی کے ہر میدان میں ملک وقوم کا نام روشن کرے گی ہر کام میں محنت ہوتی ہے آج سے دو سال پہلے میری ٹیم میں جگہ نہیں تھی لیکن آج میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ہوں۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ آج جتنے بھی طلبہ وطالبات یہاں موجود ہیں ان کو اور باقی تمام طلبہ وطالبات کو کہتا ہوں کہ اگر آپ کو زندگی میں جب بھی کوئی اچھا مقام ملے تو اپنے والدین کے علاوہ اساتذہ کا نام ضرور لیجئیے گا کیونکہ ان ہی اساتذہ کی بدولت آپ اچھے مقام تک پہنچتے ہیں آپ کے اس عمل سے ان اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
سیمینار سے وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر محمد اجمل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو تعلیم دے کر اتنے بلند مقام پر لے کر جانا ہے کہ پاکستان بھیک مانگنے کی بجائے بھیک دینے والا ملک بن جائے اور ایسا تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دیں تاکہ اگر کہیں بھی تعلیم کی بات ہو تو پاکستان کسی سے پیچھے نہ ہو اور جب تک ہم میں خود سے کام کرنے کا جذبہ نہ ہو کوئی بھی مدد نہیں کرتا اس لئے میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بچے اعلی سے اعلی تعلیم حاصل کریں کیونکہ اب جامعہ کراچی بھی بدل گئی ہے اس لئے اپنے دل میں علم کی طلب پیدا کریں انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی کرکٹ کھیلی تو نہیں لیکن دیکھنے کا بہت شوق ہے اور امید کرتا ہوں کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے گی کیونکہ ورلڈ کپ جیتنے سے ہمارے ملک کا شمار بھی ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔اس کے علاوہ سیمینار سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے بھی اظہار خیال کیا۔
